اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود ہائیر ایجوکیشن کے لئے 70 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا ،ملکی ترقی کے لئے 5 ایز کاروڈمیپ اور پلیٹ فارم فراہم کیا ، وہ ملک ترقی کر سکیں گے جو خود کو ڈیجیٹل انقلاب میں ڈھالنے کے لئے تیار ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ)کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پائیڈ کےمستقل گھر کی بنیاد رکھ رہے ہیں ، پائیڈ ایک تحقیقی ادارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تھنک ٹینک ہے جو معاشی معاملات میں حکومت کی رہنمائی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کا بہترین استعمال کرنا ہوگا ، پائیڈ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ محدود وسائل بڑھانے اور اخراجات کم کرنے کے حوالے سے متعلق حکومت کی رہنمائی کرے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک ترقی کر سکیں گے جو خود کو ڈیجیٹل انقلاب میں ڈھالنے کے لئے تیار ہوں گے ، ہم نوجوانوں کو ڈیجیٹل انقلاب کا سامنا کرنے کے لئے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں ، مرغی انڈے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرین انقلاب 2.0 کے تحت ٹیکنالوجی اور زراعت کو ضم کر رہے ہیں ، اصل ترقی افراد تک ثمرات پہنچانا ہے ، ان طبقات کو تقویت دینی ہے جو ملک کی ترقی میں میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ہائیر ایجوکیشن کے لئے 70 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا ، ملک کی ترقی کے لئے 5 ایز کاروڈمیپ اور پلیٹ فارم فراہم کیا ۔