وساکھی میلہ میں شرکت کیلئے سکھ یاتری10اپریل کو بھار ت سے پاکستان پہنچیں گے،سردار رمیش سنگھ اروڑہ

140

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری 10اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔مرکزی تقریب گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں14اپریل کو منعقد ہوگی۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام سکھ مذہب کے 326ویں خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ 2025کی تقریبات کے انتظامات کیلئے اعلی سطحی اجلاس بدھ کے روز یہاں متروکہ وقف املاک بورڈکے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر ،ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمر جاوید اعوان ، سکیورٹی آفیسر شرائنز چوہدری عاصم کے علاوہ پاکستان آرمی ،پولیس ،رینجرز ،مختلف اضلاع کے انتظامی افسران ،لیسکو،کسٹمز ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں تقریبات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سکھ یاتریوں کی آمد اور قیام کیلئے رہائش کی فراہمی، رسومات کی ادائیگی اور اہم امور پر بحث کی گئی۔

صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کو بہترین میڈیکل، قیام و طعام اورسفر ی سہولیات سمیت فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے، ضلعی حکومتیں متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ہمیشہ پاکستان سے محبت ملتی ہے اور اس مرتبہ بھی وہ اچھی یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔

سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور و حکومت کے احکامات کی روشنی میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی کی جائے گی اور اس کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مندر اور گور و دواروں کی تزئین و آرائش اور تعمیر کیلئے 30کروڑ کا بجٹ رکھا گیا ہے ۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز، سیف اللہ کھوکھرنے اجلاس کو انتظامات کے بارے بریفنگ دی ۔