اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزارت بحری امور نے 2024 میں 90 ارب روپے منافع کمایا،ہم اس کو مزید بڑھائیں گے،وسطی ایشیائی ممالک گہرے سمندر کی پورٹس میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،ہم گوادر کو آگے بڑھائیں گے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں قیصر شیخ نے کہا کہ ہماری ریجنل ٹریڈ کم ہے،زیادہ تر تجارت بحری راستوں سے ہوتی ہے،
گوادر کو ہم آگے بڑھانا چاہتے ہیں،پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ذریعے 90فیصد تجارت ہوتی ہے،کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تنخواہیں 11ارب روپے ہیں،پورٹ قاسم نے اس سال 42ارب روپے منافع کمایا ہے،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن جہاز کم ہونے کے باوجود منافع کمارہی ہے،جب دوسرے ادارے نقصان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت کے ادارے منافع کمارہے ہیں اور ان میں مزید منافع کی صلاحیت موجود ہے،ہم نے 2024میں 90ارب روپے منافع حاصل کیا ہے لیکن میں پھر بھی اس پر مطمئن نہیں ہوں،ہم اس کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی دیگر معیشتوں میں میری ٹائم کا حصہ بہت زیادہ ہوتا ہے،پوری دنیا ہماری پورٹس کی طرف للچائی نظروں سے دیکھ رہی ہے جس کی دو بڑی وجوہات ہیں،سینٹرل ایشین ممالک نے پچھلے دس سال میں بہت زیادہ ترقی کی ہے لیکن ان کے پاس پورٹ نہیں
،ہمارے ہاں گہرے پانیوں کے پورٹ ہیں جہاں بڑے جہاز لنگر انداز ہوسکتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ یہ مواقع دیکھتے ہوئے دنیا کی بڑی معیشتیں ہمارے ساتھ رجوع کررہی ہیں۔