27.7 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومزرعی خبریںوسطی وجنوبی پنجاب میں گندم کی بوائی کامناسب و موزوں ترین وقت...

وسطی وجنوبی پنجاب میں گندم کی بوائی کامناسب و موزوں ترین وقت نومبر کامہینہ ہے،ڈائریکٹر زراعت توسیع

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 05 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ وسطی وجنوبی پنجاب میں گندم کی بوائی کا مناسب و موزوں ترین وقت نومبر کامہینہ ہے لہٰذاکاشتکار بمپر کراپ کے حصول کیلئے زمین کی تیاری کی جانب خصوصی توجہ مرکو ز کریں۔انہوں نے کہاکہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم غذائی فصل ہے جبکہ پاکستان کی غذائی ضروریات کا زیادہ تر انحصار گندم پر ہے اسی لئے گندم کی بہتر پیداوار کو خوراک اورمعاشی استحکام کا ضامن تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سال ضلع فیصل آباد میں 6لاکھ ایکڑسے زائدرقبہ پر گندم کی کاشت کی جائے گی لہٰذاکاشتکاروں کو گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کر نے کیلئے تمام پیداواری عوامل پر بھرپور توجہ دینی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت بھی گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کام کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ زمین کی تیاری گندم کی کاشت کا اہم جزو ہے کیونکہ بہتر پیداوار کا انحصار زمین کی بہتر اور بروقت تیاری پر ہوتاہے اسلئے کاشتکار زمین ہموارکرنے کے بعد زمین کی تیاری کریں اور راؤنی سے پہلے کھیتوں میں سہاگہ دینے کے بعد کھیتوں کو دو دو کنال کے کیاروں میں تقسیم کرلیں جس سے پانی کی خاطر خواہ بچت ہوسکتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ کاشتکار وتر آنے کے بعد زمین پر دوہراسہاگہ دیں جس کو عام زبان میں رمبڑ یا رگڑ مارنا کہتے ہیں اور یہ عمل وتر کو ضائع ہونے سے روکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دوسرا رمبڑ مارنے کے بعد زمین کی نوعیت کے مطابق ایک یادو بارہل چلا کر اچھی طرح سہاگہ دے کر زمیں کو4سے5 دنوں کیلئے یونہی چھوڑ دیا جاتاہے تا کہ جڑی بوٹیاں اگ سکیں جو کہ بعد ازاں کاشت کرنے کیلئے زمین کی تیاری کے دوران خودبخود تلف ہو جائیں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=521258

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں