اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 28مئی یوم تکبیرکا دن ہم سب کے لئے یکساں قابل فخر اور لائق اطمینان ہے، نعرہ تکبیر کے نام پر بننے والی مملکت خداداد کے ہر شہری کو یوم تکبیر کی مبارک ہو۔
وزارت مواصلات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پرقوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز کو ایٹمی طاقت اور نا قابل تسخیر بنانے والا ہر شخص قابل فخر اور داد تحسین کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج سے 26سال پہلے پاکستان کے دشمنوں کے دانت کھٹے ہوئے اور انہیں وہ واضح پیغام گیا جس سے خطے میں طاقت کا تواز ن قائم ہوا جو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی تھی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط تر ہو ا اور پاکستان کے ایٹمی دھماکوں نے دشمن کی ساری خوش فہمی دور کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بننے والی ریاست کی مسلح افواج کے حوصلے مزید بلند ہوئے، ہم سب آج کے دن ایٹمی سائنسدانوں، ماہرین، انجینئرز اور تکنیکی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 28 مئی کے یوم تکبیر پر ہرشہری کو مادر وطن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کیونکہ انشا اللہ پاکستان کی طرف اب کوئی کبھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔