وطن عزیز کا 77 واں یوم آزادی کل قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جا ئے گا

189
Independence Day
Independence Day

فیصل آباد۔ 13 اگست (اے پی پی):وطن عزیز کا 77 واں یوم آزادی(کل)بدھ کوقومی جذبے اور پرجوش انداز میں شایان شان طریقے سے منایا جا ئے گاجبکہ اس موقع پرصبح8:58 بجے سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد پرچم کشائی اور قومی ترانہ ہوگا۔فیصل آباد میں جشن آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب صبح8 بجے کمشنرزکمپلیکس فیصل آباد میں منعقد ہوگی جس میں کمشنر فیصل آبادسلوت سعید، ریجنل پولیس آفیسرڈاکٹر عابد خان، ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ، سٹی پولیس آفیسرکامران عادل، چیف ٹریفک آفیسرفرحان اسلم،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ،پولیس اوردیگر مختلف محکموں کے افسران،تحریک پاکستان کے کارکنان اورسول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر پولیس،سول ڈیفنس اور ریسکیو1122کے دستے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کریں گے جبکہ فضامیں غبارے اور کبوتر چھوڑے جائیں گے۔ قبل ازیں بڑی بڑی مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور ملک قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں ہوں گی۔ اس موقع پرفیصل آباد سمیت تمام شہروں میں سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے اور صبح 8:58بجے سائرن بجائے جانے پر ہر قسم کی ٹریفک سمیت جو شخص جہاں ہو گا فوری طور پروہیں رک جائے گا جبکہ اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔

اس موقع پر9 بجے سبز ہلالی پرچم لہرانے کی تقریبات ہونگی جبکہ اہم حکومتی شخصیات شہداکی یادگاروں پر حاضری دیں گی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں، سبز ہلال پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں، جھنڈوں، تحریک پاکستان کے ہیروزکے قدآدم پورٹریٹس، فلیکس سائنز سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ہے۔یوم آزادی کے موقع پرپاکستان مسلم لیگ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، پاکستان لورز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز ودیگر خصوصی تقریبات کابھی اہتمام کیا جائے گا۔

چودہ اگست کو نماز فجر کے وقت قرآن خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکا م، آئین و قانون کی بالادستی، اسلام کی سر بلندی،ملکی خوشحالی، قومی فلاح، علاقائی تعمیر و ترقی، اندرونی و بیرونی خلفشار سے نجات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اتحاد بین المسلمین کے فروغ، دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمہ، مہنگائی، غربت، بیروز گاری، افرا تفری، بد امنی، قدرتی آفات سے نجات، اتحاد و بھائی چارے، اخوت و یگانگت کی فضا کے قیام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران قومی ترانے و ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔یوم ۱ٓزادی کے موقع پر پنجاب پولیس، محکمہ جیل خانہ جات، سول ڈیفنس، قومی رضاکاران اور ریسکیو 1122کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے اور اس موقع پرطلبا و طالبات کے مابین تقریری مقابلوں کابھی اہتمام کیا جائیگا نیز جیلوں اور ہسپتالوں میں خصوصی پروگرامات کا بھی انعقاد ہو گا۔

یوم آزادی کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے پھولوں کی نمائش بھی کی جائیگی۔اس بارفیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر بڑے و چھوٹے شہروں میں یوم آزادی کی خاص گہما گہمی نظر آ رہی ہے۔علاوہ ازیں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ، ویگنوں، بسوں، رکشوں، تانگوں پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے عجیب سماں پیدا کر دیا ہے۔علاوہ ازیں ہسپتالوں، جیلوں، فاؤنٹین ہاؤس، سینئر سٹیزن ویلفیئر ہوم، ایس او ایس ویلیج، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، دارالامان،صنعت زاروں میں مٹھائیاں، پھل اور خصوصی کھانے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔مزید برآں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر۱ٓج فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ۱ٓج یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پرفیصل آبادپولیس کے4293 باوردی اور سادہ پوش اہلکاراہم مقامات پر تعینات ہو ں گے نیز اس موقع پر منعقد ہونے والے جلسے جلوسو ں، کانفرنسز، پرچم کشائی کی تقریبات کے مقامات کے قرب و جوار میں ہر قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ پر سختی سے پابندی عائدہو گی اور مختلف تقریبات میں آنے جانے والوں کی میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے تلاشی بھی لی جائے گی۔فیسکو، لیسکو، میپکو، گیپکو، حیسکو سمیت الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو حضرات سے کہا ہے کہ ۱ٓج یوم ۱ٓزادی پاکستان کے متبرک و مقدس موقع پر دن کے اوقات میں بالعموم جبکہ رات کے اوقات میں با لخصوص کسی قسم کی لوڈمینجمنٹ سے گریز کیا جائے گا تاکہ اہلیان پاکستان اپنی یوم ۱ٓزادی کی تقریبات سادہ مگر پروقار طریقے سے مناسکیں۔