اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پروگرام (آئی ایف آر پی) کے تحت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ان کے ممالک میں واپس بھیجا جا رہا ہے، افغان شہریوں سمیت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ایک بار پھر آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے ساتھ ساتھ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی وطن واپسی کا آغاز یکم اپریل 2025 سے ہوا اور آغاز سے اب تک 216,103 غیر قانونی غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے اور یہ مہم جاری ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ اکتوبر 2023ء سے غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پروگرام کے تحت اب تک 1,102,441 غیر قانونی غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، افغان شہریوں سمیت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ایک بار پھر آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ اپنے ممالک واپس جانے والوں خصوصا خواتین، بچوں اور بوڑھوں کے ساتھ با عزت برتائو کو یقینی بنایا جا رہا ہے، واپس جانے والے غیر ملکیوں کے لئےب خوراک اور صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات بھی موجود ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ وہ عناصر جو وطن واپسی کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں یا وہ لوگ جو غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملازمت میں توسیع، کرائے پر جگہ اور ہوٹلوں میں رہائش فراہم کرنے یا ان کے ساتھ کاروبار کرنے میں ملوث پائے گئے، ان سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔