اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر شہداء کی قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ہم پاک افواج کے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، وہ قوم کے ہیروز کے وارث اور ہمارے لئےقابل احترام ہیں۔
بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آج عظمت شہداء کنونشن میں ہم نے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت تحسین کیا ہے۔ وطن عزیز کی خاطر اپنی زندگیاں قربان کرنے والے شہید کا احترام ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فرض ہے، ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے دن جو ہوا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس دن کو ملک کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے چھوٹے اور عارضی سیاسی مقاصد کیلئے جس طرح کی مثال قائم کی گئی اس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے، پاک افواج اور شہداء کو بھی بیانیہ کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک افواج کے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، وہ قوم کے ہیروز کے وارث اور ہمارے لیئے قابل احترام ہیں۔ شہداء نے جو قربانیاں دی ہیں اس کا احسان ہم کبھی بھی نہیں چکا سکتے، ہمارے شہداء ہمارا فخر اور ہماری شان ہیں۔