وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

366

کراچی۔15ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت پر زور دیا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ایف یو یو اے ایس ٹی) کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو گورنر ہائوس کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے سینیٹ ممبران، وزارت وفاقی تعلیم کے نمائندے اور چیئرمین ایچ ای سی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی سینیٹ پر زور دیا کہ وہ ترقیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، وائس چانسلر کی تقرری اور یونیورسٹی کی اگلی سینیٹ کے لیے نامزدگی کمیٹی کی تشکیل سے متعلق معاملات پر سینیٹ کے ہر رکن اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آراء اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اتفاق رائے پر مبنی فیصلے کرے

۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کو یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر بھی مقرر کیا گیا جو مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ قائم مقام وائس چانسلر پالیسی سے متعلقہ معاملات کو قانونی جانچ کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھیجیں گے۔

اجلاس میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کو یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے تشکیل دی گئی سرچ کمیٹی کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔ کمیٹی کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مستقل وائس چانسلر کی تقرری کی سفارش کرنے کے لیے ٹائم لائن کی بنیاد پر آگے بڑھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چار ماہ بعد فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔