وفاقی اور صوبائی سطح پرانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ دی جا رہی ہے،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا ڈیجیٹل یوتھ سمٹ سے خطاب

127

پشاور۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پرانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر بہت زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اور اس کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مکمل ایکو سسٹم بنایا گیا ہے، پاکستان کی ترقی آئی ٹی سے وابستہ ہے لیکن ماضی میں اس شعبے کو بڑی حد تک نظر انداز کیا گیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے زیر اہتمام دو روزہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پرخیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان بھی موجود تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے اہم ڈیجیٹل یوتھ سمٹ میں پاکستان کے نوجوانوں کو شامل کرنے پرخیبرپختونخوا حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طریقے سے باصلاحیت نوجوان اس شعبے میں دوسروں کو نوکریاں دے سکتے ہیں، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نرم قرضے فراہم کرنے کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے جس کیلئے انکوبیشن سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے دیے جا رہے ہیں، بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی وجہ سے حکومت میں ہیں ، قیمتوں میں اضافہ ہے اور حکومت احساس راشن پروگرام کے ذریعے اس کا ازالہ کر رہی ہے تاکہ ضرورت مند اور غریب لوگ ریلیف حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے

لیکن عوام بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے کسی بھی قسم کی ایجی ٹیشن کی کال کو مسترد کر دیا، اپوزیشن وقت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ ایسا نہیں کر سکتی کیونکہ پی ڈی ایم کی صفوں میں شدید اختلافات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس بات کرنے خطاب کرنے یا مہنگائی کم کرنے کا کوئی آپشن نہیں ہے تاہم وفاقی حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے بہترین پیکج متعارف کرائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے کوئی بھی ملک اس کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،

اسے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو اپنانا اور اس سے استفادہ کرنا چاہیے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اس کی اہمیت کو محسوس کیا اور آئی ٹی کے شعبے کو حکومتی ترجیحات میں رکھا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ای وی ایم کو لاگو ہو نا چاہیے کیونکہ ماضی میں تمام انتخابات متنازع رہے ہیں،

ہر کسی کو ای وی ایم کے کام کے بارے میں بریف کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی نے صوبے اور ملک کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل یوتھ سمٹ جیسے پروگراموں کے ذریعے آگے لانے کیلئے سخت محنت کی ہے، صوبے میں ڈیجیٹل انڈسٹری کے فروغ سے نوجوانوں کیلئے آسان اور تیز رفتار روزگار کے مواقع ممکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل خیبرپختونخوا صوبائی حکومت کا ایجنڈا ہے جو کہ ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور ہم صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔