لاہور۔13 جون (اے پی پی )چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام دوست ہے،عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے،مشکل ترین حالات میںبھی عوام کو ریلیف دینے والا بجٹ پیش کریںگے،غیر ضروری اخراجات کم کریںگے ،پنجاب حکومت نے دو برس کے دوران عوام کو سہولتیں پہنچانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈدیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے،ہر لمحہ عوام کی خدمت کیلئے وقف ہے،ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے ،سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے،عوام کی خدمت کا مشن پورا کریں گے، عوام کھوکھلے نعرے نہیں ،عملی اقدامات چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کورونا سے نمٹنے کا،ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے،ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن صرف نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے،تنقید کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔