وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا

121
وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا
وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میں مجموعی طور پر 89261 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 72653 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 82.58 فیصد رہا جبکہ پارٹ ون میں 92400 امیدواروں میں سے 53369 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 58.75 فیصد رہا۔

جمعہ کو جاری ہونے والے نتائج کے مطابق پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی برائے خواتین خیابان صدیق سرگودھا کی پری میڈیکل گروپ کی طالبہ عروبہ عاصم نے 1065 نمبر لے کر پہلی پوزیشن جبکہ آرمی پبلک سکول و کالج گوجرانوالہ کینٹ کی تحریم عمران اور آرمی پبلک سکول و کالج ہمایوں روڈ راولپنڈی کینٹ کی حاجرہ نجیب نے 1054 نمبر لے کر دوسری پوزیشن پر رہیں۔

آرمی پبلک سکول ہمایوں روڈ راولپنڈی کینٹ کی عافیہ واجد اور آرمی پبلک سکول طفیل روڈ لاہور کینٹ کی ایمان ریاض 1053 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون میں 89016 ریگولر امیدواروں میں سے 52449 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 58.92 فیصد رہا جبکہ امتحانات میں حصہ لینے والے 3384 پرائیویٹ امیدواروں میں سے 920 امیدوار پاس ہوئے، کامیابی کا تناسب 27.19 فیصد رہا۔

تعلیمی بورڈ کے زیرانتظام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں 76364 ریگولر امیدواروں میں سے 64781 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 84.83 فیصد رہا جبکہ 12897 پرائیویٹ امیدواروں میں سے صرف 7872 پاس ہوئے۔ امتحانات کے دوران انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے 34 امیدواروں جبکہ پارٹ ون 9 امیدواروں پر ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مقدمات بنائے گئے۔

بورڈ نے تمام امیدواروں کو اپنی صفائی کا مکمل موقع دیا اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام کیسز کو نمٹا دیا۔ تعلیمی بورڈ کے حکام نے بتایا کہ مارک شیٹس تمام امیدواروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ ریگولر امیدواروں کی مارک شیٹس ان کے تعلیمی اداروں کو بھجوائی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کو مارک شیٹس ان کے دیئے گئے پتوں پر ارسال کی گئی ہیں۔ تعلیمی بورڈ نے کہا ہے کہ جن امیدواروں کے رزلٹ کسی وجہ سے روکے گئے ہیں وہ فوری طور پر تعلیمی بورڈ سے رابطہ قائم کریں۔