وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے لئے 2 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری

115

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے ترقیاتی کاموں کے لئے 2 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 4 ارب 96 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے این سی ایچ ڈی کے تحت پورے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لئے 31 کروڑ 85 لاکھ، پورے پاکستان میں بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکول کے قیام کے لئے 87 کروڑ 58 لاکھ، ایجوکیشن منیجرز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ایک کروڑ 85 لاکھ، اسلام آباد میں 200 سکولوں کی تزئین و آرائش کے لئے 59 کروڑ 15 لاکھ، آئی سی ٹی ہائی سکولز کی اپ گریڈیشن کے لئے 14 کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔