اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے پاکستان فائونڈیشنل لرننگ ہب کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان فائونڈیشن لرننگ ہب کا قیام برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس اور ورلڈ بینک کے فراخدلانہ تعاون سے کیا گیا ہے۔ پاکستان فائونڈیشنل لرننگ ہب منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کا ایک اقدام ہے جسے پاکستان میں فائونڈیشنل لرننگ میں نظامی بہتری لانے کا کام سونپا گیا ہے۔ پاکستان فائونڈیشنل لرننگ ہب پاکستان کی لرننگ موومنٹ میں ایک "سنگ میل” بن جائے گا،
جو تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر ثبوت پر مبنی حکمت عملی اور پاکستان بھر کے پالیسی سازوں کو فائونڈیشنل لرننگ میں ٹھوس بہتری لانے کے لیے تعاون فراہم کر کے سب کے لیے معیاری سیکھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ تقریب رونمائی میں نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی، وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل چوہدری، برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور صوبائی وزراء اور سیکرٹری تعلیم، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں سمیت اہم تعلیمی رہنمائوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے اس موقع پر کہا کہ بنیادی تعلیم تمام بچوں کا حق ہے، بطور وفاقی وزیر تعلیم میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہوں کہ تمام بچوں کو معیاری تعلیم کا حق حاصل ہو اور پاکستان فائونڈیشنل لرننگ ہب وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے اندر اس مشن کو حاصل کرنے میں پاکستان کی مدد کرے گا، ایک ساتھ مل کر ہم پاکستان میں سیکھنے کی تحریک بنانا چاہتے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل چوہدری نے کہا کہ پاکستان فائونڈیشنل لرننگ ہب اس کوشش میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جو تمام صوبوں اور کلیدی شراکت داروں کے ساتھ ملک بھر میں سیکھنے میں بہتری لانے کے لیے کام کرے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ بہت سارے پاکستانی بچے معیاری تعلیم سے محروم ہیں اور خواندگی کی ناقص مہارتوں کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں، برطانیہ کو فائونڈیشنل لرننگ ہب کی حمایت کرنے پر فخر ہے، بچوں کو خواندگی کی بنیادی مہارتوں کے ساتھ مدد کرنا جس کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ ان کے تعلیم میں رہنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ سیکرٹری بلوچستان نے محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے وفاقی وزارت کے اس اقدام کے لیے اپنے عزم کو یقینی بنایا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو PFLHUB کے قیام میں تعاون کا خط پیش کیا۔ سی ای او طبادلب سائوتھ سائوتھ فیلو مشرف زیدی نے پی ایف ایل حب کے آغاز کو سراہا اور ملک بھر میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اپنا عزم ظاہر کیا۔
کنٹری ڈائریکٹر ملالہ فنڈ جاوید ملک نے کہا کہ ملالہ فنڈ پاکستان سٹیم پاکستان پروگرام چلا رہا ہے اور وزارت کی طرف سے سیکھنے کے مرکزی دھارے میں مدد فراہم کرے گا، خاص طور پر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ہر سٹیم پارٹنر سکول اضافی سیکھنے کے اوقات کا پابند ہو، بڑے پیمانے پر ہماری مدد حکومت کو لڑکیوں کی تعلیم کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے تکنیکی وسائل فراہم کرتی ہے۔ پروگرام لیڈر برائے انسانی ترقی ورلڈ بینک ہینن ہینن پائن نے یقین دلایا کہ عالمی بینک ہب کو تکنیکی مدد فراہم کرے گا تاکہ صوبوں کو فائونڈیشنل لرننگ سے متعلق اپنے وعدوں کی فراہمی اور ان پر نظر رکھنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔