وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی، وزیر دفاع خواجہ آصف کی وزیر اعلیٰ بلوچستان کو یقین دہانی

80
Khawaja Muhammad Asif

کوئٹہ۔ 06 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مابین جمعہ کے روز ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے میں بحالی امن کیلئے اقدامات کو بار آور بنانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعلٰی بلوچستان کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں امن کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کی جائے گی۔ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سیکورٹی فورسز بحالی امن کیلئے کوشاں ہیں، بزدل دہشت گرد غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بناتے ہیں

، پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں، دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں ہے ان تخریب کاروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بحالی امن کیلئےوفاقی اورصوبائی حکومت کا اشتراک جاری رہے گا۔