وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار خان ترین

190

کوئٹہ۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار سردار اسرار خان ترین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے علاقے میں ترقی کا دور شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے فنڈ سے تعمیر شدہ ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر دکی صاحبزادہ نجیب اللہ بھی تھے۔دورے کے دوران کلی پرانا دکی،کلی کاروٹی اور کلی ملا دلدار کھیتران میں تعمیر شدہ روڈز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر دکی نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کو ضلع دکی میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ دکی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرینگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ ترقیاتی سکیموں کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان نہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ میرے فنڈز سے حلقے کے مختلف علاقوں زیارت لورالائی دکی موسی خیل ہرنائی اور بارکھان میں ترقیاتی کام جاری ہیں،بہت سے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں،کچھ منصوبے زیر تعمیر ہیں جنکی بروقت تعمیر کے لئے متعلقہ آفیسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔