وفاقی حکومت تمام صوبوں کی بارز کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

105

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی بارز کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق وائس چیئرمین خیبر پختونخوا بار کونسل احمد فاروق خٹک ، ممبر پاکستان بار کونسل امجد شاہ ، سینئر ایڈوکیٹ کفایت اللہ کی قیادت میں وفود نے ملاقات کی۔مختلف بارز کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اعلان کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا بار کونسل میں وکلاءکی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور فنی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وکلاءکی رجسٹریشن نادرا کے ذریعے کی جائے گی اور جلد از جلد اس پہ کام شروع کر دیا جائے گا۔

وکلاء کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن خیبر پختونخوا بار کا دیرینہ مطالبہ تھا اور وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پروفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر قانون نے اس موقع پر مختلف بارز کے نمائندگان میں مالی معاونت کی مد میں گرانٹ ان ایڈ چیکس بھی جاری کیے۔ وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی بارز کی تعمیر و ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔