وفاقی حکومت سندھ کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے پہلے بھی اپنا ہر ممکنہ کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی، وزیرا عظم عمران خان

90

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے پہلے بھی اپنا ہر ممکنہ کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی،آئندہ بجٹ کی تیاری کے دوران کراچی اور حیدرآباد کی ترقیاتی ضروریات پر غور کیا جائے گا۔ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے۔ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایم کیو ایم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی،وفد میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، سینیٹر فیصل سبزواری، خالد مقبول صدیقی، جاوید حنیف، عامر خان، وسیم اختر اور کنور نوید جمیل شامل تھے ،گورنر سندھ عمران اسمعیل بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات، آئندہ بجٹ کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیرِ اعظم کو کراچی اور حیدرآباد کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش انتظامی مسائل سے آگاہ کیا،وفد نے آئندہ بجٹ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور بجٹ کے حوالے سے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔وفد نے کراچی پیکیج کے حوالے سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیکیج پر موثر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا،

وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور خصوصاً عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے وفاقی حکومت پہلے بھی اپنا ہر ممکنہ کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے دوران کراچی اور حیدرآباد کی ترقیاتی ضروریات پر غور کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور یہ ترقی عوامی مسائل کے موثر حل کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اتحادی پارٹیوں کی مربوط کوارڈینیشن سے صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گی