ساہیوال۔ 28 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کے نقصانات کے مکمل ازالے کو یقینی بنائے گی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو بروقت نقل مکانی سے متعلق آگاہی دینا اور ان کے لیے ریلیف کیمپوں کا قیام قابلِ تحسین ہے جس کی بدولت جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
انہوں نے یہ بات دریائے راوی کے کنارے واقع موضع داد بلوچ میں دریا کے کٹاؤ کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایکسین اریگیشن محمد طلحہ اور ایکسین ہائی وے محمد رمضان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے کٹاؤ سے متاثرہ افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کی دوبارہ بحالی کے لیے تمام تر وسائل مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں ضلع ساہیوال سے ایک بڑا سیلابی ریلا گزرے گا اس لیے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنے مال مویشیوں سمیت ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔
ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے ریلیف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر گاؤں میں اعلانات کے ذریعے عوام کو پہلے ہی خبردار کیا جا چکا ہے اور متاثرین کی رہائش کے لیے ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں خوراک، چارہ، ویکسین اور ادویات کی وافر مقدار موجود ہے، اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کے کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔