اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ہینڈی کیپ انٹرنیشنل پاکستان نے”لرننگ، ایکٹنگ اور بلڈنگ فار ری ہیبلیٹیشن ان ہیلتھ سسٹمز (ReLAB-HS)“ پراجیکٹ کے تحت 2 روزہ پالیسی گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کا مقصد ملک میں نظام صحت میں جسمانی بحالی کی سہولیات کو بڑھانا اور مستحکم کرنا تھا۔اسلام آباد میں منعقدگول میز کانفرنس کے مہمان خصوصی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقیاتی کے اہداف کے کنوینئر بلال اظہر کیانی ایم این اے تھے۔کانفرنس میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے سی ای او ڈاکٹر راشد باجوہ، لیب ایچ ایس کے سینئر مشیر ڈاکٹر عبدالغفار،وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، گلوبل کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر ضیا داوڑ،صوبائی مشیر ڈاکٹر صفی ملک سمیت حکومتی، غیر سرکاری تنظیموں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور صحت وجسمانی بحالی کے شعبہ کے اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں بتایاکہ وفاقی حکومت، ملک بھر میں صحت سروسز کو آگے بڑھانے کے لئے صوبائی حکومتوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور عوام کو صحت کی جامع سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشش کررہی ہے۔ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ( این آر ایس پی ) کے سی ای او ڈاکٹر راشد باجوہ نے کہا کہ پسماندہ طبقے کو جسمانی بحالی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جسمانی بحالی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پوسٹ ریفرل کیئر بہت اہم ہے،مریض کی گھرپر نگہداشت کرنے والوں اورمقامی سطح کی تنظیموں (CBOs) کی تربیت کے لئے تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیربرائے صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے صحت کے نظام کے تمام سطحوں پرمضبوط پالیسی اقدامات اور جسمانی بحالی کی سروسز کے انضمام کی اہمیت پر زور دیا تاکہ تمام افراد کو صحت کی سروسز تک منصفانہ رسائی آسان بنائی جاسکے۔ کانفرنس کے منتظم اور ری لیب ایچ ایس کے سینئر مشیر ڈاکٹر عبدالغفار نے کہا کہ جسمانی بحالی کی سہولیات کو ملکی نظام صحت کا حصہ بنایا جائے جبکہ جسمانی بحالی کی سروسز کو بہتر بنانے کے لیے وسائل کا بہتر استعمال کیا جائے۔ ڈاکٹر صفی ملک نے کہا کہ حکومت قومی صحت وژن 2030 پر کام کر رہی ہے، اور ری ہیبلیٹیشن کو اس پالیسی میں شامل کر دیا گیا ہے ۔
ری لیب ایچ ایس کے گلوبل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ضیا داوڑ نے محکمہ صحت کے ساتھ مل کرگاوں اور دیہات کی سطح پر جسمانی بحالی کی سہولیات کو صحت کی سروسز کا حصہ بنانے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ری لیب ایچ ایس ضلعی سطح پر لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) کی تربیت کی ہے تاکہ وہ کمیونٹی کی سطح پر جسمانی بحالی کی سروسز کو ضرورت مند افراد کی شناخت اور ریفرل کو یقینی بنایا جا سکے۔
گول میز کانفرنس سے حاصل کردہ سفارشات متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور فورمز کو پیش کی جائیں گی تاکہ ان کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ہینڈی کیپ انٹرنیشنل (HI) یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے پاکستان میں ری لیب ایچ ایس پروگرام چلا رہی ہے جس کا مقصد عوام تک جسمانی بحالی و معاون مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے میں حکومت کی مدد کرنا ہے۔