اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاؤس سندھ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے دیوالی کے موقع پر مٹھی میں کامیاب جلسہ کے انعقاد پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی اور ان کے خطاب کو سراہا اور ” شہر قائد” کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت کی بھرپور معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ سمیت وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے۔وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ، مخدوم زادہ زین قریشی ،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ اس ملاقات میں شامل تھے۔