وفاقی حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 15 پروگرام شروع کر رہی ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

244
وفاقی حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 15 پروگرام شروع کر رہی ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے 150 ارب روپے مالیت کے وزیراعظم کے یوتھ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 15 پروگرام شروع کر رہی ہے،ان میں انٹرن شپ پروگرام، لیپ ٹاپ سکیم، بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلباء کے لئے 5000 وظائف، 75 نیشنل ٹاپ ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام، سیرت چیئرز کا قیام سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں، حکومت ملک کے نوجوانوں کو ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ بااختیار ہو کر ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے بیٹ رپورٹرزکے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، معاشی بحران کے باوجود حکومت نوجوانوں کی بہتری کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے، 15 میگا یوتھ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز جن میں بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام، وزیر اعظم کا یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام، بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلباء کے لئے 5000 وظائف، 75 نیشنل ٹاپ ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام، سیرت چیئرز کا قیام، پاکستان کے کم ترقی یافتہ اضلاع میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ذیلی کیمپسز کا قیام، یوتھ سکلز ٹریننگ پروگرام، ینگ ڈویلپمنٹ فیلوشپ پروگرام، سات سینٹرز آف ایکسی لینس، پاکستان انوویشن فنڈ ینگ ڈویلپمنٹ لیڈر ایوارڈ، پاکستان کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لئے خصوصی ترقیاتی سکیم، پاکستان بھر میں ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کور کا پروگرام اور 250 منی اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آسان شرائط پر کاروبار کیلئے قرض فراہم کیا جا رہا ہے،

اس پروگرام میں ملک بھر سے نوجوان آن لائن درخواستوں کے ذریعے قرضہ حاصل کر رہے ہیں، اس سے نہ صرف نوجوانوں کو بااختیار بنانے بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان منصوبوں سے ملک کی 64 فیصد نوجوان آبادی کو تمام تر سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں،معاشی بحران کے باوجود حکومت نوجوانوں کی بہتری کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے، ان منصوبوں سے استفادہ کرنے کے بعد ملک کے نوجوان اپنے شعبوں میں بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا انٹرن شپ پروگرام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے، یہ پروگرام پاکستان بھر کے نوجوان گریجویٹس کو 60,000 بامعاوضہ انٹرن شپ دے کر اس مشن کو آگے بڑھا رہا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام حکومت کے اہم اقدامات میں سے ایک ہے، پروگرام کے تحت پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لئے 100,000 لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے،ماضی میں نظر انداز کئے گئے بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلباء کے لئے 5000 وظائف کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام کے تحت بلوچستان اور فاٹا کے طلباء کو 5000 وظائف دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وظائف بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبا کو متعلقہ شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے ملک کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لئے ایک منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے 40 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ینگ پیس ڈویلپمنٹ کور (وائی پی ڈی سی) سے بھی حلف لیا گیا جو ملک کی مختلف یونیورسٹیوں سے منسلک تھے۔ وائی پی ڈی سی کا کلیدی مقصد نوجوانوں کے لئے اکٹھا ہونا، خیالات کا تبادلہ کرنا اور ایسے منصوبوں پر تعاون کرنا ہے جو امن کو فروغ دیتے ہیں اور اپنی برادریوں میں تنازعات اور تشدد کی بنیادی وجوہات کو دور کرتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ بااختیار ہو کر ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔