یوم مئی پر حکومت کا بڑا اعلان، قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 8 ممبران کی تقرری کی منظوری ، نوٹیفکیشن جاری

329
NIRC

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ کی مشاورت کے بعد مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر قومی صنعتی تعلقات کمیشن (این آئی آر سی) میں 8 ممبران کی تقرری کی منظوری دے دی ۔ جس کا وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

جار ی نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے کمیشن کی خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے نامزدگیوں کے پینل پر مشتمل سمری کابینہ کو پیش کی ، وفاقی کابینہ نے وزارت کی تجویز پر ان آسامیوں پر فوری طور پر اپنے فیصلے کیس نمبر 223/رول-19/2023 ، 30 اپریل 2023 کے ذریعے سید نور الحسنین (ریٹائرڈ سول سرونٹ)، عبدالقیوم (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج)، سہیل اکرم (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج)، محمد زبیر خان (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج)، شبیر حسین اعوان (ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج)، محمد سراج الاسلام خان (ایڈووکیٹ)، عبدالغنی (ایڈووکیٹ)اور منور حسین طوری (ایڈووکیٹ)کو این آئی آر سی میں ممبران کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔

وزارت نے کابینہ کے فیصلے کی تعمیل کرتے ہوئے اس کے مطابق اراکین کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔واضح رہے کہ قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات (این آئی آر سی) انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ (آئی آر اے) 2012 کے سیکشن 53 کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ کمیشن کو بین الصوبائی اداروں اور اسلام آباد میں واقع اداروں میں صنعتی تنازعات کے فیصلے، ٹریڈ یونینوں کی رجسٹریشن، اجتماعی سوداکار ایجنٹس کے تعین ، غیر منصفانہ لیبر کارروائیوں اور انفرادی شکایات کے تصفیہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے اراکین کی نو آسامیاں گزشتہ چند ماہ سے خالی تھیں،ان خالی آسامیوں پر تقرری وفاقی کابینہ کی منظوری سے کی جانی تھی۔