اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی حکومت نے مالی سال 25-2024 کے لیے مقرر کردہ مہنگائی کا ہدف حاصل کر لیا، گزشتہ مالی سال کے دوران اوسط افراط زر 4.49 فیصد ریکارڈ کی گئی۔وفاقی حکومت نے مالی سال 25-2024 کے دوران مہنگائی کا مقرر کردہ سالانہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اوسط افراط زر کی شرح 4.49 فیصد رہی جو حکومتی ہدف سے کہیں کم ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2024-25 کے لیے سالانہ مہنگائی کا ہدف 12 فیصد مقرر کیا تھا تاہم مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہی جو حکومت کی معاشی حکمت عملی، مالیاتی نظم و ضبط اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق کامیاب اقدامات کا مظہر ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جون 2025ء میں مہنگائی کی شرح 3.23 فیصد رہی جو مئی 2025ء کے مقابلے میں 0.23 فیصد کا معمولی اضافہ ہے۔ شہری علاقوں میں جون کے دوران مہنگائی میں ماہانہ بنیادوں پر 0.08 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں یہ اضافہ 0.47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ماہانہ بنیادوں پر جون 2025ء میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3.58 فیصد رہی۔ وزارت خزانہ نے جون کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3 سے 4 فیصد کے درمیان لگایا تھا جو اعداد و شمار کے مطابق درست ثابت ہوا۔وفاقی حکومت مہنگائی کو قابو میں رکھنے، عام آدمی پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی اقدامات جاری رکھے گی۔