23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 30 لاکھ مستحق خاندانوں...

وفاقی حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 30 لاکھ مستحق خاندانوں کو ریلیف دیا، پیکیج کو زیادہ شفاف اور باوقار بنانے کے لئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگی کی گئی، وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ کی میڈیا بریفنگ

- Advertisement -

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 30 لاکھ مستحق خاندانوں کو ریلیف دیا،ریلیف پیکیج کو زیادہ شفاف اور باوقار بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کا طریقہ اختیار کیا گیا اور مستحقین کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگی کی گئی۔وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں دئیے گئے ریلیف پیکیج کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال ، وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اوروفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جمعہ کو میڈیا بریفنگ دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو رقم کی ادائیگی صاف اور شفاف طریقے سے کی گئی، اس پروگرام کے تحت 19 لاکھ ڈیجیٹل ٹرانزیکشن ہوئی اور اس عمل میں نجی شعبے نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 30 لاکھ مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی اور اس عمل کو شفاف بنانے کے لئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگی کی گئی،یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد مالی معاونت کے نظام کو جدید اور شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 لاکھ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ حکومت نے بینکنگ یا موبائل والٹ کے ذریعے ادائیگی کے جدید ذرائع استعمال کئے، اس میں نجی شعبے کا تعاون بھی اہم رہا جو اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کو زیادہ شفاف اور باوقار بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کا طریقہ اختیار کیا، اس اقدام کا بنیادی مقصد مستحق افراد کو براہ راست مالی مدد فراہم کرنا تھا تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ریلیف ان لوگوں کے لئے تھا جو کسی اور حکومتی امدادی پروگرام میں شامل نہیں تھے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک پہنچنے کی کوشش کی۔

انہوں نے اس پروگرام کو آئندہ سال مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سماجی بہبود اور شفافیت کے لحاظ سے ایک مثبت پیشرفت ہے خاص طور پر جب حکومت ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو فروغ دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کی 79 فیصد رقوم انتہائی شفاف طریقے سے مستحقین کو پہنچائی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے کل ایک ہزار 273 شکایات موصول ہوئیں جن کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے گئے، رمضان پیکیج کے تحت 19 لاکھ ڈیجیٹل ادائیگیاں ہوئیں اور 9 ہزار 51 ہزار 191 ڈیجیٹل والٹ استعمال ہوئے جو کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن کے تکمیل کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ 23 ہزار 653 خواتین نے ڈیجیٹل والٹ استعمال کئے جبکہ 2 ہزار 541 خصوصی افراد نے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے رقوم وصول کیں ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578458

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں