اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس میں پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے پرانتہائی کم بوجھ ڈالا گیا ہے، پچھلی چند دہائیوں سے ملک جس راستے پر چل رہا تھا اُس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ملک میں امیر افراد اور حکمران امیر سے امیر ہوتے گئے اور غریب طبقہ غربت اور مفلسی کی مزید گہرائیوں میں دھنستا چلا جا رہا تھا۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے ملک پر ہزاروں ارب کا قرض چڑھا کر حقیقی معنوں میں ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں اوردُشمن کے ناپاک ایجنڈے کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک پر قرضوں کا پہاڑ چڑھایا گیا اور دوسری جانب منی لانڈرنگ جیسے گھناﺅنے جرم کے ذریعے یہ رقم بیرون ملک منتقل کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔