وفاقی حکومت نے وزارت انسداد منشیات کو وزارت داخلہ میں ضم کر دیا ، نوٹیفکیشن جاری

123
Ministry of Interior

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی حکومت نے وزارت انسداد منشیات کو وزارت داخلہ میں ضم کر دیا ، اب انسداد منشیات فورس وزارت داخلہ کے ادارے کے طور پر کام کرے گا ۔ بدھ کو وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ میں بطور ونگ ضم کر دیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کو وزارت داخلہ کے ماتحت ایک منسلک محکمہ قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایس آر او 83(I)/2025 مورخہ 4 فروری 2025 کے تحت رولز آف بزنس 1973 کے شیڈول I، II، III، V-A اور V-B میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں۔اس فیصلے کے بعد، وزارت داخلہ کا نام تبدیل کرکے "وزارت داخلہ و انسداد منشیات ” رکھ دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ تمام سرکاری خط و کتابت میں اب "وزارت داخلہ و انسداد منشیات ” کا نام استعمال کیا جائے گا، اور سابقہ نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن سے متعلق تمام مراسلات اسی وزارت کو بھیجے جائیں گے ۔