اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے، پٹرول کی قیمت میں 12.63 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12.13 روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔ جمعہ کی شب پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ روایت ہے کہ 30 ستمبر کی رات 12 بجے کے قریب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہوتا ہے، وزیراعظم کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تفصیلی مشورہ کیا گیا اور ان کی رہنمائی میں نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12.63 روپے کی کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد فی لٹر پٹرول کی قیمت 237.43 روپے سے کم ہو کر 224.80 روپے ہو گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12.13 روپے کی کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد فی لٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 247.43 روپے سے کم ہو کر 235.30 روپے ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.19 روپے کی کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد فی لٹر مٹی کے تیل کی قیمت 202.2 روپے سے کم ہو کر 191.83 روپے ہو گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10.78 روپے کی کمی کر دی گئی ہے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 197.28 روپے سے کم ہو کر 186.50 روپے ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ کی شب 12 بجے سے ہو گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آج جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا اختتام ہو رہا ہے اور الحمدﷲ ایف بی آر نے ستمبر کے مہینے اور پہلی سہ ماہی کیلئے مقرر کردہ محصولات کے اہداف حاصل کر لئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ستمبر کے مہینے میں ایف بی آر نے 685 ارب روپے کے محصولات حاصل کئے جو ہدف کے مطابق ہے۔ اسی طرح پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 1635 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کئے جو ہدف 1609 ارب روپے سے 26 ارب روپے زائد ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پہلی سہ ماہی میں 84 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 62 ارب روپے تھے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف چیمبرز، تجارتی تنظیموں اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں توسیع کی درخواستیں آ رہی تھیں، سیلاب کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اسی تناظر میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں 31 اکتوبر 2022ء تک توسیع کر دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کی سب سے درخواست ہے کہ وہ مقرر مدت میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کریں۔