اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات کی روشنی میں وفاقی حکومت نے کمزور طبقے کے لئے 4خصوصی پالیسیز ترتیب دی ہیں، کمزور طبقے کو بجلی پرسبسڈی دینے کے لئے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔منگل کو وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے مالی سال 2019-20 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے نئی وزارت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، 10 لاکھ افراد کے لئے نئی راشن کارڈ اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت وظیفے 5000 روپے سے بڑھا کر 5500 روپے کیے جائیں گے۔عمر رسیدہ افراد کے لئے احساس گھر بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، بچیوں کے وظیفے کی رقم 750 سے بڑھا کر 1000 روپے کی جا رہی ہے، کمزور طبقے کی سماجی تحفظ کے لئے بجٹ مختص کیا گیا۔