پشاور۔ 29 اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کے تمام نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، اسکالرشپس، لیپ ٹاپس وغیرہ کے جامع مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ ملک کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جا سکے۔منگل کو یہاں یونیورسٹی آف چترال میں طلبہ اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں کے مقابلے کے لیے تمام صلاحیتیں موجود ہیں،انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور فنی تربیت پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ اور سڑکوں پر زندگی گزارنے والے بچوں کو بھی وزیراعظم یوتھ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ چند عرب ممالک جیسے عراق، شام اور لیبیا آج اقتصادی زوال اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری نہ کرنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں پر بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے کیونکہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔رانا مشہود نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں اور ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ ملک کی اقتصادی خوشحالی کے لیے انتھک محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے، جو دنیا کے دیگر حصوں میں کم ہی نظر آتی ہیں خیبر پختونخوا، خاص طور پر چترال اور سوات، اس خطے میں منفرد ثقافت کے حامل ہیں جہاں کے نوجوانوں میں بے پناہ ہنر اور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نوکریوں، اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کے لیے وزیراعظم کے آن لائن پورٹل پر خود کو رجسٹر کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ خریدنے کے لیے بلاسود قرضے بھی دیے جائیں گے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کو اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی نوجوانوں کی مکمل صلاحیت کو اجاگر کرے اور انہیں ترقی اور بہتری کے مساوی مواقع فراہم کرے۔ایک انقلابی تعلیمی اور مہارت سازی کا ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جو پاکستان کی ترقی کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہےاس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈرائیونگ، بڑھئی کا کام، الیکٹریشن، نرسنگ، اکاؤنٹنسی، انجینئرنگ، آئی ٹی اور کھیلوں سمیت دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا بھی اعلان کیا، جس میں ایتھلیٹکس، ہاکی، باکسنگ اور دیگر کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف اقدامات جیسے لیپ ٹاپ اسکیم، گرین یوتھ موومنٹ، انوویشن ایوارڈز اور دیگر پروگراموں کی وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار دینی مدارس کے طلبہ کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ سماجی اور ثقافتی تقسیم کا خاتمہ ہو اور اتحاد کو فروغ ملے۔
رانا مشہود نے ڈیجیٹل یوتھ حب (ڈی وائی ایچ ) کا بھی تعارف کرایا، جو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں ان کی ضرورت کے مطابق مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے پنجاب کے سابق وزیر تعلیم کی حیثیت سے اپنے دور کی یاد دہانی کراتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ (پی ای ای ایف ) کی کامیابی کا ذکر کیا، جس کے تحت 4.5 لاکھ سے زائد مستحق طلبہ کو میرٹ پر اسکالرشپس دی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589812