وفاقی حکومت کا افغانستان سے بات چیت کا عمل خوش آئند ہے، مشیراطلاعات خیبرپختونخوا

91

پشاور۔ 19 اپریل (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے افغانستان سے بات چیت کے عمل کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے درست قدم اٹھایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل کے بعد وفاق نے افغانستان سے بات چیت کا عمل شروع کیا جو کہ خوش آئند ہے لیکن اس عمل میں خیبر پختونخوا کو نظراندازنہیں کرنا چاہیے، بیرسٹرڈاکٹرسیف نےکہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پررہا ہے اورسب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے

لہٰذا اس اہم عمل میں خیبرپختونخوا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکو شامل کیا جانا ناگزیر ہے، انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخواحکومت نے تین ماہ قبل وفاق کو بات چیت کے لیے ٹی او آرز ارسال کیے تھے، جن میں قبائلی عمائدین اوردیگرمتعلقہ فریقین کا بھی ذکر شامل تھا، ہمارے بھیجے گئے ٹی او آرز بات چیت کےعمل کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدارامن کے قیام کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے اوراس میں تمام متعلقہ فریقین کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔