وفاقی حکومت کا کراچی کی ترقی کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بہت ہی جامع منصوبہ ہے، گرین لائن بسیں رواں سال اگست تک چلنا شروع ہو جائیں گی،وفاقی وزیر اسد عمر

58

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا کراچی کی ترقی کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بہت ہی جامع منصوبہ ہے، وفاق اور سندھ حکومت اپنی اپنی ذمہ داری پوری کر دیں تو کراچی کے اندر واضح بہتری نظر آئے گی، گرین لائن بسیں رواں سال اگست تک چلنا شروع ہو جائیں گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، بدقسمتی سے سندھ حکومت نے کراچی کو نظرانداز کیا اور پورا شہر کوڑے کا ڈھیر بن گیا، تحریک انصاف حکومت کراچی کو ماڈل شہر بنانے کیلئے سنجیدہ ہے اور اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کیلئے 1100 ارب روپے کا تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے جو کسی بھی حکومت کا کسی شہر کیلئے سب سے بڑا پیکیج ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ واٹر ڈرینیج کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے، کراچی پورٹ سے پپری تک ریلوے ٹریک کی تعمیر، گرین لائن اور کے فور وفاق کے منصوبے ہیں، نالوں کی صفائی کے حوالے سے این ای ڈی سی یونیورسٹی کو اس کا ڈیزائن تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، اس نے ماڈلنگ کر کے اپنا پلان فائنل کر کے ہمیں دے دیا ہے، سب سے پہلے محمودآباد نالے پر کام کیا جائے گا جس پر آئندہ چند روز میں کام شروع ہو جائے گا، کوشش ہے کہ بارشوں سے پہلے انکروچمنٹ کلیئر ہو جائے، اس کے بعد گجر اور اورنگی نالوں کو جنوری کے وسط تک فائنل کر دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک دیرینہ مسئلہ ہے، جو سابق جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت کے دوران شروع ہوا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ بھی اپنی ادوار میں اس مسئلے کو حل نہیں کر سکیں اور عام شہری اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں، اس مسئلے کو حل کرنا ضروری ہے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔