وفاقی حکومت کراچی کے رہائشیوں کو صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام وسائل مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے، حکام وزارت منصوبہ بندی

107

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی حکومت کراچی شہر کے رہائشیوں کو سفری اور صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام وسائل مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے، کراچی کے عوام کے لئے گرین لائن منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ وزارت منصوبہ بندی حکام کے مطابق کراچی میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے پانی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پی ایس ڈی پی اور وزیراعظم کے کراچی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت مختلف انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے رہائشیوں کے بہت سے مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کراچی شہر میں ٹرانسپورٹ ، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون اور تمام وسائل مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے اور موجودہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے۔