اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) بورڈ کی تشکیل نو کر دی ہے جو تین سال کی مدت کے لیے موثر رہے گا۔بورڈ کی تشکیل نو وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی طرف سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات ، اقتصادی امور ڈویژن، فنانس ڈویژن اور وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کوآرڈینیشن بورڈ کے وفاقی سیکرٹریز بورڈ کے ارکان مین شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر فیض محمد کاکڑ اور ڈاکٹر محمد ندیم جاوید بورڈ کے آزاد ممبران ہیں۔ڈاکٹر عابد قیوم سلہری پاکستان کے معروف سماجی پالیسی تجزیہ کار اور ترقی کے ماہر ہیں۔
ان کی قیادت پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی)پاکستان میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔