وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو زبردست عوامی پذیرائی مل رہی ہے،گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل

127
Governor Balochistan Jafar Khan Mandukhel
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے گورنر ہاؤس میں عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی

کوئٹہ۔ 02 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے، روز اول سے عوام کی امنگوں کے مطابق چلنے، مشکل معاشی حالات کے باوجود مہنگائی بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے اور دنیابھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کو ملک میں اور صوبوں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں کی جانب مبذول کروانے سے تعمیر و ترقی کی نئی راہیں متعین ہو رہی ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور بےروزگار نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگی، عوام دوست پالیسیوں کی تشکيل اور ان پر عملدرآمد کےلئے متعلقہ ویژن و دانش کے حامل افراد کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ جمہوریت میں تمام پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا محور و مرکز مفاد خلق ہی ہوتا ہے لہٰذا تمام منتخب عوامی نمائندوں کا فریضہ ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور جمہوریت قائم کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔