36 C
Islamabad
پیر, اپریل 7, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی حکومت کی کامیاب معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے قیمتوں، مہنگائی اور...

وفاقی حکومت کی کامیاب معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے قیمتوں، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی ہے، انجینئر امیر مقام

- Advertisement -

پشاور۔ 06 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا نے اتوار کو شہباز شریف حکومت کی ایک سالہ کامیاب تکمیل اور وزیراعظم کے تاریخی بجلی ریلیف پیکج پر یوم تشکر منایا جس سے پاکستان کے تمام صوبوں میں لاکھوں افراد مستفید ہوئے۔

وفاقی وزیر سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے پشاور میں یوم تشکر کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں عوام کے گرد گھومتی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کے تاریخی بجلی ریلیف پیکج کو پوری قوم نے سراہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ عید پر پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی اور مالیاتی پالیسیوں نے قیمتوں، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت حکومت نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ملک کو بھاری غیر ملکی قرضوں میں دھکیلنے کے بعد ملک کو ایک ممکنہ معاشی ڈیفالٹ اور دیوالیہ پن سے بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی شہباز شریف حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو سراہا ہے جس نے محنت اور لگن کی بدولت ملک کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تمام سماجی و اقتصادی شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے اور وزیراعظم کے یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے ہدف پر مبنی اسکیمیں شروع کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا رمضان ریلیف پیکج شفاف طریقے سے تقسیم کیا گیا جس سے لاکھوں غریب افراد کو ضروری مالی ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے رمضان ریلیف پیکج سے مستحق اور غریب افراد کو محروم رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر ضروری تجربات نے خیبر پختونخوا میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کو تباہ کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ناقص حکمرانی، اقربا پروری اور بدعنوانی کی ریل پیل نے ان لوگوں کے مسائل میں اضافہ کیا جنہیں تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا، پی ٹی آئی قیادت میں اس وقت دراڑیں پڑ چکی ہیں اور انہوں نے خیبر پختونخوا میں ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگانا شروع کر دیئے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اڈیالہ جیل کے گرد گھومتی ہے تاکہ اس کے بانی کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمارا صوبہ ہے جسے دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاست کو دہشت گردی سے الگ کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی کےلیے امن ضروری ہے، پی ٹی آئی حکومت دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دے جو عوام کے امن اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جن میں موٹرویز کے نیٹ ورک کی تعمیر، ہزارہ ایکسپریس وے، لواری ٹنل چترال ، پشاور ناردرن بائی پاس وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عوامی فلاحی پروگراموں، اچھی حکمرانی، میرٹ اور ترقی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جہاں سے اس نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں تین نشستیں حاصل کیں جبکہ اگلے انتخابات میں کامیابی کے بعد صوبے کے مسائل حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی حکومت کی ناقص کارکردگی سے مایوس ہیں کیونکہ وہ تمام محاذوں پر ناکام رہی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی یکساں ترقی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر پختہ یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ (ن) حکومت کی پالیسی عوام کی فلاح و بہبود اور ریلیف کے گرد گھومتی ہے۔ جلسہ میں عوام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578917

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں