اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے لئے بھرپور وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس سے خطے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوے کہی، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لیے ٹھوس عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ضمن میں ملک کے اہم شہروں سے گلگت اور سکردو کے لئے فلائٹس کاآغاز ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ گلگت اور سکردو کے آئیرپورٹس کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات پر پیش رفت جاری ہے اور یہ اقدامات گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے ایک گیم چینجرقدم ثابت ہو ں گے۔انہوں نے کہا حکومت گلگت بلتستان میں مقامی سیاحت کے علاوہ بین الاقوامی سیاحت کی ترقی کے لیے بھی بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وفاقی وزیرنے گلگت بلتستان کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 370 ارب کے ترقیاتی پیکیج پربات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اس ترقیاتی پیکیج سے گلگت بلتستان کی 73 سالہ محرومیوں کو دور کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ ان علاقوں میں ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کی موجودگی کے باوجود تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ہمیشہ ان کے ترقیاتی بجٹ میں بھر پوراضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان تاریخ ساز اقدامات سے گلگت بلتستان مستقبل قریب میں پاکستان کا نہ صرف ترقی یافتہ علاقہ بن کے سامنے آئے گا بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بیس کیمپ کے طور پر بھی جانا جائے گا۔