اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں پیر کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاقوں،مانسہرہ اور نکیال سمیت قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 تھی اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی جب کہ اس کا مرکز کشمیر اور بھارت کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔