وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران مربوط سیکیورٹی پلان ترتیب،181 مجالس، 965 محرم کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے 16 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

3
Islamabad Capital Territory (ICT) Police
Islamabad Capital Territory (ICT) Police

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):اسلام آباد کپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے محرم الحرام کے لیے وسیع سیکورٹی پلان کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 181 مذہبی اجتماعات (مجالس) اور 965 جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 16 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اسالام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے حکام نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پلان کی باضابطہ طور پر منظوری دی جبکہ ڈی آئی جی محمد جواد طارق کو اس پر عملدرآمد کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم کے مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس، پاکستان رینجرز، لیڈی پولیس، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے 16 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں طے شدہ 181 مجالس اور 965 جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے تمام زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو مجالس کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں،سیکورٹی برقرار رکھنے اور تمام جلوسوں کے راستوں کو محفوظ بنانے میں تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر لگائے جائیں گے جبکہ شرکاء کی پولیس اہلکار پیشہ ورانہ جانچ کریں گے۔ امن کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شرکاء کی شناخت میں مدد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی نامعلوم افراد کو عبادت گاہوں میں داخلہ کی اجازت نہ ہو۔

ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر جھاڑیوں کو صاف کرنے اور عبادت گاہوں کے ارد گرد روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور اس حوالہ سے گشت کو بھی بڑھا دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں کمانڈو گاڑیاں تعینات کی جائیں گی۔ڈی آئی جی نے کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جلوس کے مرکزی راستوں سے محفوظ فاصلے پر سخت سیکیورٹی چیکنگ کے ساتھ پارکنگ ایریاز بنائے جائیں گے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ جلوس کے راستوں کے ساتھ عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ خواتین کی مجالس کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ڈیوٹی میں مدد کرنے والے رضاکاروں کو مقامی ایس ایچ اوز کے جمع کردہ مکمل بائیو ڈیٹا کے ساتھ رجسٹر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حساس امام بارگاہوں پر رینجرز اور ایلیٹ کمانڈوز کی اضافی تعیناتی ہو گی جو ہائی الرٹ رہیں گے۔ تمام سمتوں سے جلوسوں کو محفوظ بنانے کے لیے رسی کا استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ، غیر قانونی پوسٹرز کی نمائش اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے والے مواد کی تقسیم کو روکنے کے لیے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ اور محرم الحرام کی رسومات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے گی۔