اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 روزہ پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت پولیو مہم کا مجموعی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیو مہم کی کوریج کی شرح 108 فیصد تک رہی،پولیو مہم میں 4 لاکھ 61 ہزار 125 بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا، 7 روزہ مہم میں 4 لاکھ 97 ہزار 925 بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکولز میں 56 ہزار 493، مہمان 21 ہزار 252 جبکہ گلیوں میں 23 ہزار 242 بچوں کو قطرے پلائے گئے، مہم کے دوران 207 مساجد میں اعلانات کے ذریعے آگاہی پھیلائی گئی،دوران مہم 409 فیملیز کے ساتھ آگاہی سیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے کامیاب مہم پر تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ مہم کے دوران پولیو ورکرز سے لے کر سکیورٹی اہلکاروں اور انتظامیہ نے اہم کردار ادا کیا،اسلام آباد کے شہریوں کے تعاون پر بھی انتظامیہ شکر گزار ہے۔