اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میٹروبس سروس کامیابی سے جاری ہے،ایئرکنڈیشنڈ بس سروس سے شہری بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہورہے ہیں،شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بس سروس کو مزید باسہولت اور سٹاپس تک سہل رسائی کےلئے شٹل سروس کو مزید بڑھایا جائے، نئے روٹس کےلئے فزیبلٹی سٹڈی پرکام جاری ہے۔
پیرکو’’اے پی پی’’کی طرف سے کئے گئے سروے کے مطابق بھارہ کہو کے رہائشی یاسرمحمود نے بتایا کہ جب سے سی ڈی اے کی جانب سے میٹروبس سروس شروع کی گئی ہے ہم مقررہ ٹائم پر اپنے دفتر بآسانی پہنچ جاتے ہیں ، اس سروس سے نہ صرف ٹائم بلکہ پرائیویٹ اورپبلک ٹرانسپورٹ کی نسبت کرایہ کی مد میں بھی بچت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کےلئے اٹھال چوک بھارہ کہو سےڈھوک جیلانی میٹرو بس سٹاپ تک میٹرو بس کی شٹل سروس چلتی ہے جو کہ بھارہ کہوسے سواریوں کو میٹرو بس سٹیشن تک پہنچاتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی سہولت کےلئے شٹل سروس میں گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہری بروقت اور بآسانی میٹرو بس سٹیشن تک پہنچ سکیں۔گلبرک کے رہائشی جاوید اقبال نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ وہ روزانہ اپنی نوکری کے سلسلے میں اسلام آباد آتے ہیں اور جب سے میٹرو بس سروس شروع ہوئی ہے وہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بروقت اور بنا کسی دشواری کے اپنے دفتر ٹائم سے پہنچ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے یہ سروس فری چل رہی تھی جبکہ 12ستمبرسے اس کا کرایہ30 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس کے باوجود بھی سارا دن میٹرو بس سروس میں سواریوں کا رش رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس سے شہریوں کی سفری مشکلات میں کمی آئی ہے جبکہ اس پر سفربھی آسان اورباسہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس سے شہریوں کےآمدورفت کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔
ایک اور رہائشی علی محمد نے بتایا کہ اس نے آج کورال سے زیروپوائنٹ تک میٹرو بس سروس کے ذریعہ سفرکیا ، یہ ایک بہترین سروس ہے ، ایکسپریس وے کے مصروف ترین روٹ پرپبلک ٹرانسپورٹ میں عوام کو بہت سی مشکلات کا سامنا تھا جس میں گھنٹوں گاڑی کا انتظار کرنے کے باوجوجگہ نہیں ملتی تھی ‘ انہوں نے کہا کہ اس سروس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے، ہر دس منٹ کے بعد میٹرو بس آجاتی ہے جس کےلئے انتظامیہ نے بہترین سٹاپس بنائے ہیں‘
انہوں نے یہ باسہولت سروس شروع کرنے پرحکومت اورمیٹروانتظامیہ کا شکریہ اداکیا‘اس حوالے سے سی ڈی اے میٹرو بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹرقاضی عمر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نےبتایا کہ سی ڈی اے نے کورال سے پمز اور بھارہ کہو سے پمز تک شہریوں کی سہولت کےلئے میٹرو بس سروس شروع کی ، پہلے یہ سروس مفت فراہم کی گئی جبکہ 12 ستمبر سے اس سروس کا
مناسب کرایہ مقررکیا گیا ‘انہوں نے کہا کہ اس سروس میں سواریو ں کا رش دیگرپبلک ٹرانسپورٹ کی نسبت بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور بہتری کےلئے دیگرروٹس پربھی میٹرو بسیں چلائیں گے جس کےلئے فزیبلٹی سٹڈی پر کام ہورہا ہے۔ امید ہے بہت جلد دیگر روٹس پربھی میٹرو بس سہولت دستیاب ہوگی۔