وفاقی دارالحکومت سے دو لاپتہ بھائیوں کے اغواء کی درج ایف آئی آر کے حصول کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری

78

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے وفاقی دارالحکومت سے دو لاپتہ بھائیوں کے اغواء کی درج ایف آئی آر کے حصول کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز لاپتہ بھائیوں کی والدہ کی جانب سے دائر متفرق درخواست کی سماعت کے دوران وکیل ایمان مزاری نے استدعا کی کہ عدالت حکم دے کہ ہمیں ایف آئی آر کی کاپی فراہم کر دی جائے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ میں نوٹس جاری کر کے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت رکھ دیتا ہوں۔جس پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایف آئی آر کی کاپی تو پولیس کو فراہم کر دینی چاہیے، عدالت آرڈر جاری کرے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ یہ متفرق درخواست ہے، میں نوٹس جاری کر رہا ہوں

ایف آئی آر مل جائے گی،ایف آئی آر لینے کے اور بھی طریقے ہیں، آئندہ سماعت مرکزی کیس کے ساتھ ہو گی۔عدالت نے اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کر کے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔