وفاقی دارالحکومت میں انسداد پولیو مہم کا تیسرا روز، 3 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے

109

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں انسداد پولیو مہم کے تیسرے روزپولیو ٹیموں نے 66 فیصد ہدف حاصل کرتے ہوئے 3 لاکھ 4 ہزار 306 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا ئے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیو ٹیموں کی جانب سے 413 انکاری کیسز کو بھی کور کر لیا گیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ مہرین بلوچ کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں انکاری کیسز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پولیو ورکرز کو درپیش مجموعی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا ۔اے ڈی سی ایسٹ مہرین بلوچ نے شہریوں سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ والدین کی ذرا سی غفلت بچوں کا مستقبل غیر محفوظ کر سکتی ہے، آئیں مل کر انسداد پولیو مہم کامیاب بنائیں۔