وفاقی دارالحکومت میں انڈونیشین ایکسپو 2024 کا انعقاد، عوام کی بھر پور شرکت

183

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمہوریہ انڈونیشیا کے سفارت خانہ کے زیر انتظام تین روزہ انڈونیشین ایکسپو 2024 کامیابی کے ساتھ عوام کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔انڈونیشیا کے سفارتخانہ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انڈونیشیا کے یوم آزادی کی 79 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات کے سلسلے کے ایک حصے کے طور پر سینٹورس مال میں منعقدہ یہ ایکسپو اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے جو 16 سے 18 اگست 2024 تک منعقد کی گئی ۔

نمائش کا مقصد کاروبار پر مبنی تقریبات کے ساتھ ساتھ لوگوں سے لوگوں کے رابطے سے متعلق پروگراموں کو ایک متحرک ثقافتی پس منظر فراہم کرنا ہے۔نمائش کے شیڈولز میں روایتی اور ثقافتی شوز شامل ہیں جن میں انڈونیشین مارشل آرٹس پینکاک سلات، پاکستان میں انڈونیشین طلباء کی تخلیقی ،تعلیم اور مذہبی اعتدال کے ساتھ ساتھ، انڈونیشیا اور پاکستان کو تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری میں قریب لانے کے لیے اہم مسائل پر مبنی گفتگو شامل ہے۔انڈونیشیا کے بارے میں عوامی بیداری کو بڑھانے کے لیے ایکسپو کے دوران بہت سے پروگرام پیش کئے گئے ہیں۔

ہزاروں پرجوش شرکا انڈونیشیا کے ثقافتی ورثے کے پس منظر میں ڈیزائن کیے گئے فوٹو بوتھ جیسے کہ مغربی سماٹرا صوبے سے رومہ گدانگ اور انڈونیشین نقشوں کے ساتھ پاکستان کے ٹرک آرٹ میں سفارت خانے کی گاڑی کا دورہ کرکے ایکسپو کے ماحول سے لطف اندوز ہوئے۔مزید برآں نمائش کے متجسس شرکا چھوٹے میوزیم اور تاریخی نمائش کے ذریعے انڈونیشیائی مختصر تاریخ کو پڑھنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔17 اگست 2024 کو انڈونیشیا کے یوم آزادی کی تقریب کے مرکزی سیشن کے دوران، پاکستان میں انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندارتا کوسوما نے مضبوط اقتصادی تعلقات اور لوگوں کے درمیان قریبی رابطہ کے حوالہ سے پاکستان میں سفارت کاری کے دو ترجیحی شعبوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو کو انڈونیشیا کی متحرک اقتصادی ترقی اور ثقافتی تنوع کو پیش کرنے کے لیے تجارت اور ثقافت کے امتزاج کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوستانہ سیاسی اور سفارتی تعلقات ہیں۔ انڈونیشیا کے پاس بہت سے شعبوں میں بڑی صلاحیت اور مواقع ہیں جنہیں پاکستانی ہم منصب مزید تلاش کر سکتے ہیں۔ موجودہ ایکسپو کے لیے ہمارے آپشن کے طور پر سینٹورس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے لوگوں کو قریب لانا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرسینٹورس سردار یاسر الیاس نے اسلام آباد میں انڈونیشین ایکسپو 2024 کے لیے سینٹورس مال کو منتخب کرنے پر انڈونیشیا کے سفارت خانے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دونوں برادر ممالک کے لوگوں کو مزید قریب لانے کے لیے انتہائی فعال سفارت کاری کا سبق انڈونیشیا کے سفارت خانے سے سیکھنا چاہیے۔ ہم سینٹورس مال کو دیگر غیر ملکی مشنز کے لیے پاکستان میں اپنے متعلقہ ممالک کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے بہترین مقام کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ تمام پاکستانی عوام دوسرے ممالک کی طرح اپنی عظیم کامیابی تک پہنچنے کے حوالہ سے انڈونیشیا سے سیکھ سکتے ہیں۔

مرکزی تقریب کا اختتام دونوں ممالک کی جانب سے "امید کے نشان” کے حوالے سے ہوا۔ سینٹورس کے سی ای او نے اسلام آباد کے مشہور سینٹورس کمپلیکس کی جاری ترقی اور توسیع کی یادداشتیں حوالے کیں جبکہ انڈونیشیا کے سی ڈی اے نے انڈونیشیا کے نظریاتی ریاست کے طور پر پانکاسیلا کو پیش کیا جس نے کامیابی کے ساتھ اتحاد کو تقویت بخشی اور ملک کو سیاسی استحکام ، خوشحالی اور اقتصادیات کی طرف لے گیا۔

اس موقع پر نمائش میں شریک لاہور کے ایک شہری حسیب نے کہا کہ یہ نمائش انڈونیشیا کے بارے میں جاننے کا ایک بہترین موقع ہے۔ کاروبار اور ثقافت کے امتزاج نے اسے میرے لیے واقعی ایک یادگار تجربہ بنا دیا ۔ اسلام آباد سے طاہر مغل نے اظہار خیال کرتے ہوئے سفارتخانے کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی انڈونیشیا میں خوبصورتی اور تنوع کو دریافت کر رہے ہیں ۔