اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں جعلی سٹیمپ پیپرز کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے سٹیمپ پیپرز کا اجراء بائیومیٹرک ویری فکیشن سے مشروط کر دیا گیا۔جمعرات کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بائیو میٹرک کے بغیر جاری ہونے والے تمام سٹیمپ پیپرز جعلی تصور ہوں گے، سٹیمپ پیپرز کے اوپر موجود بائیو میٹرک سلپ سے ویری فکیشن کا عمل بھی آسان ہوگا۔
سٹیمپ وینڈرز کو بائیو میٹرک ویری فکیشن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ کوئی بھی وینڈر نادرا بائیو میٹرک کے بغیر سٹیمپ پیپرز جاری نہیں کر سکے گا،بائیو میٹرک کے بعد شہر سے جعلی سٹیمپ پیپرز کا خاتمہ ہو جائے گا۔
عرفان میمن نے کہا کہ جعلی سٹیمپ پیپرز کی وجہ سے شہریوں کو ریونیو اور دیگر معاملات میں مسائل کا سامنا تھا، جعلی سٹیمپ پیپرز کی وجہ سے کئی فراڈ کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے،بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد شہری محفوظ ٹرانزیکشنز کر سکیں گے۔