وفاقی دارالحکومت میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان زیریں کے نومنتخب اراکین سے قومی اسمبلی سے حلف لیا

52

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل اور نئی حکومت کی تشکیل کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 15 ویں قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے نومنتخب اراکین نے پیر کو حلف اٹھا لیا جبکہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔ نومنتخب قومی اسمبلی کے ارکان کی حلف برداری کے بعد منتخب جمہوری حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ آئندہ دو مراحل میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر اور قائد ایوان کے انتخاب کے بعد نئی جمہوری حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان زیریں کے نومنتخب اراکین سے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باضابطہ آغاز سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے نومنتخب اراکین کو حلف کے حوالے سے گائیڈ لائن دی۔