وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سکیورٹی سخت انتظامات

19
وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سکیورٹی سخت انتظامات

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز اتوار کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسلام آباد پولیس حکام نے کہا ہے کہ سیف سٹی کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ سکیورٹی پلان کی نگرانی اور اس کو یقینی بنانے کے لیے سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں تقریباً 3500 پولیس اہلکار اور 300 ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جنہیں امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو منظم کرنے کے لیے خصوصی پٹرولنگ یونٹس اور ٹریفک سکواڈز کی مدد بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈی پولیس اہلکاروں کو پبلک پارکس میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ فیملیز اور خواتین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف اہم مقامات پر ڈرون نگرانی کی جا رہی ہے اور سیف سٹی کیمرے فعال طور پر سڑکوں اور تفریحی مقامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور عید کی تعطیلات کے دوران پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے ہدایات پر عمل کریں۔