مسیحی امن پسند قوم ، وزیراعظم عمران خان اور پوری قوم کی طرف سے کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا تقریب سے خطاب

170

راولپنڈی۔22دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ مسیحی امن پسند قوم ہے ،پاکستان کے لیے مسیحی قوم کی بیش بہا خدمات ہیں ، مسیحی محنت کش قوم ہے ، مسیحی بھائیوں کو وزیراعظم عمران خان اور پوری قوم کی طرف سے کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں ، اگر ہمارے دلوں میں دوسروں کا احساس نہیں ہے تو ہماری زندگی رائیگاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹ جوزف کیتھولک چرچ لالکڑتی راولپنڈی میں مسیحی برادری کی جانب سے کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مسیحی برادری کے روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ آرچ بشپ امن اور تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، یسوع مسیح کی تعلیمات کے مطابق یہاں ستر تعلیمی ادارے چلا رہے ہیں جن میں داخلے کے لیے مذہب کو بنیاد نہیں بنایا جاتا جوکہ قابل ستائش ہے ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد میں بھی مشنری تعلیمی ادارے قائم کیے جانے چاہیئں ، مجھے یقین ہے کہ مسیحیوں کو تعلیمی ادارے کے قیام کے لیے جو پلاٹ ملے گا وہاں پلازہ نہیں بنے گا بلکہ تعلیمی ادارہ ہی بنے گا ۔ اس موقع پر تقریب میں مسیحی راہنماءپرویز سہوترا ، آرچ بشپ کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی با بو ساجد امین کھوکھر ،فلپ آگسٹن ، حارث غوری ، فریاف فرانسس و دیگر بھی موجود تھے ۔قبل ازیں آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے خطبہ استقبالیہ میں وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مسیحی امن و سلامتی کا پیغام عام کررہے ہیں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ مجھے سکول کے زمانے سے انجیل کی آیت یاد ہے کہ جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو پائوں گا ،اگر میں دستک دوں گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا۔اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یسوع مسیح کا پیغام تعلیم و تبلیغ تھا ، کرسمس کی خوشیوں میں شامل ہونا اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے، پاکستان کے لئے مسیحی برادری کی خدمات کسی بھی مسلم سے کم نہیں ہیں ۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیاکہ مسیحی برادری کی سہولت کے لیے شناختی کارڈز بنانے کے لیے نادرا کی گاڑیاں گرجاگھروں میں بھیجی جائیں گی، قدیم مسیحی عبادات کی تزئین و آرائش کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور ریاست مدینہ کا یہ لازمی جزو ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی اتنا ہی احترام کیاجائے جتنا کہ ان کے اپنے مذہب کاکیا جاتا ہے۔

مسیحی محنت کش لوگ ہیں ،پاکستان میں کسی مسیحی کو بھیک مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ،وہ روکھی سوکھی کھا کر بھی شکر ادا کرتے ہیں ۔پاکستان مسیحیوں کا بھی اتنا ہی ہے جتنا کہ میرا ہے ۔مسیحی بھی پاکستان کے اتنے ہی وفادار ہیں جتنا کہ میں وفادار ہوں ، انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے دروازے مسیحی بھائیوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ،مسیحیوں کو مذہبی عبادات کی مکمل آزادی ہے ، مسیحی عام طور پر شدت پسند نہیں ہوتے نہ ہی کسی دیگر غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہوتے ہیں اس لیے میرے دل میں مسیحی برادی کے لیے احترام ہے ۔

تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ احمد نے مسیحی روحانی پیشوا ڈاکٹر جوزف ارشد اور دیگر کے ہمراہ کرسمس کیک کا ٹا ۔