وفاقی دارالحکومت میں نجی سکولز کے زیر اہتمام تین روزہ’’سیرت طیبہ ایکسپو‘‘ کل (11نومبر)شروع ہو گی

113
وفاقی دارالحکومت میں نجی سکولز کے زیر اہتمام تین روزہ’’سیرت طیبہ ایکسپو‘‘ کل (11نومبر)شروع ہو گی

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں نجی سکولز کے زیر اہتمام تین روزہ ’’سیرت طیبہ ایکسپو‘‘ 11 نومبر کو شروع ہو گی جس میں تعلیمی اداروں کے بچے پریزنٹیشز، تحقیقی مقالاجات ،ماڈلز اور پراجیکٹس اور دیگرعملی سرگرمیوں کے ذریعے حضرت محمدﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو منفرد انداز میں اجاگر کریں گے۔

یو ایس انٹرنیشنل سکولز اور پپس سکولز سسٹم کےاشتراک کار سے یہ ایکسپو پپس سکولز بی- 17 کیمپس ملٹی گارڈنز سوسائٹی، اسلام آباد میں 11 سے 13 نومبر تک منعقد ہو گی جو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک طالب علموں اور عوام کے لئے کھلی رہے گی۔

ایکسپو کے منتظمین نے بتایا کہ اپنی نوعیت کی اس منفرد اور معلوماتی نمائش میں مختلف سکولوں کے بچے شرکت کررہے ہیں اور نبی آخر الزمان ﷺسے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے آپ ؐکے اسوہ حسنہ کومتعدد عملی سرگرمیوں کے ذریعے اپنا رول ماڈل بناتے نظر آئیں گے۔

وہ حضور پاکﷺ کی ابتدائی زندگی ، مکی و مدنی ادوار، غزوات ، حجتہ الوداع ، صلح حدیبیہ سمیت مختلف موضوعات پر سینکڑوں ریسرچ پیپرز اور پریزنٹیشز کے ذریعے نبی پاکﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کریں گے ۔

وفاقی دارالحکومت میں نجی سکولز کے زیر اہتمام تین روزہ’’سیرت طیبہ ایکسپو‘‘ کل (11نومبر)شروع ہو گی

ایکسپو میں حصہ لینے والے طالب علم مختلف النوع موضوعات پر قرآن پاک کی آیات اور مستند احادیث کے ساتھ آپؐ حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے ۔اس نمائش کا ایک اہم جزو منفرد قسم کے متعدد ماڈلز اور پراجیکٹس ہیں جن میں عملی اور بصری انداز سے حضور نبی کریم ﷺکی مبارک زندگی کے چیدہ چیدہ گوشوں کو اجاگر کریں گے ۔

منتظمین نے بتایا کہ اس ایکسپو کے لئے بالخصوص سکولز کے ننھے بچوں نے نہایت شوق اور دلچسپی سے دن رات تیاری کی ہے ۔منتظمین نے طالب علم برادری، والدین اور بچوں کو اس نمائش کا دورہ کرنے کی خصوصی دعوت دی ہے۔