اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):پائیدار ترقیاتی اہداف پر دو روزہ سیمینار شروع ہو گیا ہے ۔سیمینار میں قومی، صوبائی اسمبلیوں کے ارکان سمیت یورپی یونین اور مختلف سٹیک ہولڈرز کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ منعقدہ دو روزہ سیمینار میں 2030 کے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے تجاویز پر غور کریں گے۔ یہ فریم ورک ایس ڈی جیز پر قومی اجلاس میں تیار کیا گیا ہے ،کانفرنس 27 سے 28 جولائی 2022 تک اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، اور وزیراعظم کی معاون خصوصی/ کنوینر محترمہ رومینہ خورشید عالم نے تقریب کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کیا ۔پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کانفرنس کے انعقاد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے پر خوش ہے۔
انہوں نے قومی ٹاسک فورس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو اس عمل میں ترجیح اور احتساب کے حوالے سے ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی محترمہ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا مقصد پورے پاکستان کے اسٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ لانا تھا تاکہ ایس جی ڈیز کے حصول کے لیے پرجوش طریقے سے اقدامات اور شراکت داری قائم کرنے کے لیے خیالات، مہارت اور حل کا تبادلہ کیا جا سکے۔
ایس جی ڈیز پر قومی اجلاس میں پاکستان کے مسائل جیسے کہ ماحولیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی غربت، خوراک کی کمی، توانائی کی مشکلات، اور سیلاب پر قابو پانا اور کووڈ 19 کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کی جائے گی۔اس تقریب کو مستحکم پارلیمان جو یورپی یونین کا ایک منصوبہ ہے جسکا مقصد پاکستان میں پارلیمانی ترقی کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے علاوہ ازیں اس منصوبے پر جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی افیئرز کے ذریعے عمل کیا جا رہا ہے۔